عمران خان کو 5سال کیلئے نااہل کیا گیا ہے: اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے، عمران خان نے غلط حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے، الیکشن کمیشن نے بڑی احتیاط برتی ہے ورنہ ان کے خلاف ایک اور کارروائی ہوسکتی تھی، عمران خان کے ساتھی کہہ رہے ہیں بڑی نا انصافی ہوگئی ہے، ناانصافی اس صورت ہوتی ہے جب قانون کسی چیز کا احاطہ نہ کرے،عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے اور ان پر فوجداری مقدمے کا کہا گیا ہے،جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے حق اور سچ واضح ہوگیا ہے۔
عمران خان کئی برسوں سے سیاسی مخالفین پر چور ڈاکو کے نعرے لگاتے رہے۔ عمران خان قانون کی دھجیاں اڑاتے تھے الیکشن کمیشن نے عمران خان اور ان کے وکلاء کو دستاویز اور کاغذات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ تماشہ یہ ہوا کہ وہ اپنے 2018کے گوشوارے جمع کراتے رہے۔ بعض اشیاء کو الیکشن کمیشن سے چھپایا بھی گیا۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس کے جواب میں ان کے وکلاء کو طلب کیا ان کی جانب سے کہا گیا کہ توشہ خانہ سے تحائف نکلوائے جو قانون کے مطابق تھے اور اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کے بعد فلاں بینک اکائونٹ میں رسید رکھ دی۔
جب سٹیٹ بنک کی جانب سے تفصیلات سامنے آئیں تو پتہ چلا کہ ان اکائونٹس میں جو رقم آئی اس میں گھڑیاں‘ تحائف‘ زیورات بیچنے اور خریدنے کی رسیدیں موجود تھیں۔ نہ صرف الیکشن کمیشن میں غلط گوشوارے جمع کرانے پر قوم سے جھوٹ بولا گیا بلکہ الیکشن کمیشن میں مقدمہ کے دوران غلط بیانی بھی کی گئی۔ میں سمجھتا ہوں کہ الیکشن کمیشن نے بڑی احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔


Post A Comment:
0 comments: